اتوار 14 جون 2026 - 04:08
قائد ملت جعفریہ پاکستان کا علامہ محمد جمعہ اسدی کی وفات پر اظہارِ تعزیت

حوزہ / قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کوئٹہ کے امام جمعہ و بزرگ عالم دین، جامعہ امام صادق علیہ السلام کے پرنسپل علامہ محمد جمعہ اسدی کی وفات پر تعزیتی پیغام ارسال کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کوئٹہ کے امام جمعہ و بزرگ عالم دین، جامعہ امام صادق علیہ السلام کے پرنسپل علامہ محمد جمعہ اسدی کی وفات پر لواحقین و پسماندگان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا: مرحوم کی ملی و دینی خدمات لائق تحسین ہیں، مرحوم نے اپنی پوری زندگی دین اسلام، تعلیم و تربیت، خدمت خلق اور ملت جعفریہ کی خدمت کے لئے وقف کر رکھی تھی۔

ملک کی ممتاز دینی و علمی شخصیت، بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں طویل عرصہ سے علوم دینیہ، تبلیغ و ترویج دین اور ملی و فلاحی امور میں مصروف عمل حجت الاسلام علامہ محمد جمعہ اسدی بھی گزشتہ روز داغ مفارقت دے گئے۔ مرحوم سے طویل رفاقت اور ان کی گرانقدر دینی و ملی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔

مرحوم جامعہ امام صادق علیہ السلام کے پرنسپل کی حیثیت سے سینکڑوں طلبہ کی علمی و فکری تربیت کا فریضہ انجام دیتے رہے اور ملک بھر میں ایک باوقار دینی شخصیت کے طور پر پہچانے جاتے تھے۔

مرحوم نہ صرف جامعہ امام صادق علیہ السلام کے تحت تعلیمی، فلاحی اور سماجی منصوبوں کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرتے رہے بلکہ مسلسل جدوجہد کا نمایاں حصہ رہ کر ملت کی خدمت کا فریضہ بھی انجام دیتے رہے۔

علامہ محمد جمعہ اسدی اپنے اخلاص و اخلاق کے ذریعے ہم عصر علما اور عوام میں منفرد مقام رکھتے تھے۔ ان کی رحلت سے پیدا ہونے والا خلا پُر کرنے کے لئے ان کے شاگردان و مخلصین کو ان کی جدوجہد کو آگے بڑھانا ہو گا۔

ہم ان کے خانوادے، شاگردوں اور عقیدت مندوں سے دلی تعزیت و تسلیت کرتے ہوئے ان کے علو درجات کے لئے دعاگو ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha